Khudkash dhamaka
پشاور میں خودکش دھماکا، میجر سمیت 2 ایف سی اہلکار شہید
حیات آباد میں خودکش دھماکے سے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 2 اہلکار شہید جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کنٹونمنٹ پشاور عمران ملک کے مطابق دھماکا حیات آباد میں باغ ناران چوک کے نزدیک سیکیورٹی فورسز کے گاڑی کے قریب ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ایف سی کا قافلہ حیات آباد میں واقع اپنے کیمپ سے قلعہ بالا حصار کے ہیڈکوارٹرز کی جانب رواں دواں تھا جب زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی۔ایس پی عمران ملک کے مطابق دھماکے میں ایف سی میجر سمیت دو اہلکار شہید جبکہ سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔دوسری جانب امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کا ایس پی پشاور کے حوالے بتانا تھا کہ خودکش دھماکا موٹرسائیکل پر سوار حملہ آور نے کیا۔دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا
جبکہ زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلکس منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ حملے کی فوری ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں (یکم جولائی) بھی وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔یہ دھماکا سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی معمول کی گشت کے دوران کیا تھا جبکہ دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تھا۔رواں سال فروری میں بھی پشاور میں ججز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔اس حملے میں ایک موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 5 میں سول ججز کو لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔