احسان اللہ احسان کیسے فرار ہوا؟
صحافی اعزاز سید نے دعویٰ کیا ہے کہ احسان اللہ احسان نے فرار ہونے سے قبل اپنے بیوی بچوں کو نکالا اور پھر آرام سے افغانستان پہنچ گیا۔اعزاز سید نے ٹوئٹر پر دعویٰ کرتے ہوئے لکھا ’ فرار سے کم و بیش 10 روز قبل احسان اللہ احسان نے اپنی
اہلیہ اور بچوں کو اس بہانے سے نکالا کہ اس کی بیوی اپنے والدین سے ملنے جارہی ہے۔ بعد میں11 جنوری 2020 کو احسان اللہ آرام سے پشاور میں اپنی رہائشگاہ کی عقبی جانب سے نکل گیا۔ اب وہ افغانستان میں پہنچ گیا ہے۔‘خیال رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان 2017 سے قانون نافذ کرنے والوں کی حراست میں ہیں تاہم اب یہ دعویٰ سامنے آرہا ہے کہ وہ فرار ہوگئے ہیں۔ احسان اللہ احسان کا ایک مبینہ آڈیو پیغام بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ 11 جنوری کو فرار ہوئے تھے۔دوسری جانب بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے فوجی ذرائع سے احسان اللہ احسان کے فرار کی تصدیق کرنے کیلئے رابطہ کیا تو انہوں نے اس کی تردید یا تصدیق کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ اس معاملے پر ابھی کچھ نہیں کہیں گے۔